ائیر پورٹ کہانی
پاکستان میں کچھ ہفتے گزار کر واپس لندن پہنچے تو جہاز تو وقت پر پہنچ گیا اور امیگریشن میں بھی زیادہ وقت نہ لگا لیکن سامان لینے میں حالت خراب ہوگئی۔
سامان کے جہاز سے بیگیج بیلٹ پر پہنچنے میں ڈیڑھ گھنٹے سے زیادہ لگ گیا۔ ہیتھرو دنیا کا مصروف ترین ائیرپورٹ ہے لیکن وہاں پر کام ایسے ہو رہا تھا جیسے کسی ترقی پذیر ملک کے ائیرپورٹ پر۔ خاص رش نہیں تھا، ہماری فلائٹ کے علاوہ صرف ایک اور فلائٹ وہاں پہنچی تھی، لیکن اتنا وقت لگا کہ کچھ سمجھ میں نہیں آیا۔ غصہ یوں بھی آیا کہ ہم نے فی ٹکٹ ایک سو سینتیس پاؤنڈ ائیرپورٹ ٹیکس دیا تھا۔
کراچی میں تو سامان فوراً آگیا تھا۔۔۔
میرا تو خیال ہے کہ کا دنیا کے بہترین ہوائی اڈوں میں شمار ہوتا ہے۔ ہر دفعہ وہاں پہنچ کر یہی حیرت ہوتی ہے کہ سب ٹھیک چلتا ہے اور مسافروں کو بہت آرام ہے۔
واقعی تعریف کرنی پڑے گی کہ اتنے سالوں سے اس ائیرپورٹ کا نظام ٹھیک چل رہا ہے۔ نومبر میں لاہور کے نئے ائیرپورٹ گئی تو وہ بھی بہت اچھا لگا۔
بات یہ ہے کہ صرف بڑی کمپنیاں اور بڑے اداروں پر ہی بھروسہ نہیں کرنا چاہیے۔ اس مرتبہ ایک چھوٹی ائیرلائن کے ساتھ بھی ہمارا تجربہ اچھا رہا۔ دبئی سے ہم نے ائیر بلو پر کراچی تک سفر کیا۔ انتہائی ارام دہ اور ٹکٹ کی قیمت دیکھیے: آن لائن ٹکٹ خریدے تو دْبئی۔ کراچی۔دبئی کا ٹکٹ تقریباً نو ہزار روپے کا پڑا۔
لوگوں نے ہمیں بہت ڈرایا کہ یہ پرواز دبئی کے ڈومیسٹک ٹرمینل یعنی ٹرمینل ٹو سے جاتی ہے جو کہ بقول ان کے بہت خراب ٹرمینل ہے۔ یہ بات بھی بالکل غلط نکلی، یہ ٹرمینل ٹرمینل ون سے اس لیے بہت بہتر ہے کہ اس میں رش نسبتاً کم اور ہر چیز قریب ہے۔ صاف ستھرا ٹرمینل ہے اور اس میں ایک بڑی سی ڈّیوٹی فری شاپ بھی موجود ہے۔ پھر یہاں گاڑیوں کی بھیڑ اور ٹریفک کے مسائل بھی نہیں ہیں۔
بہرحال ہیتھرو پہنچ کر ہی ائیرپورٹ کی شکایت ہوئی اور اب تک میری سمجھ میں نہیں آرہا کہ کو یہ ٹھیک سے کیوں نہیں چلا سکتے۔ ویسے مجھے یہ بھی آج تک نہیں سمجھ آیا ہے کہ برطانوی ائیرلائن برٹش ائیرویز الگ پروازوں کے لیے الگ چیک اِن کاؤنٹرز کیوں نہیں رکھتی؟ تمام پروازوں کی چیک اِن کے لیے ایک ہی لائن ہو تی ہے، میلوں لمبی۔ پھر ہر تھوڑی دیر بعد ان کا کوئی اہلکار آکر کسی پرواز کے مسافروں کے لیے نعرے لگانے لگتا ہے، انہیں قطار سے نکال کر آگے لے جاتا ہے کیونکہ اس فلائٹ کی روانگی کا وقت ہونے لگتا ہے۔
آپ کا ان ہوائی اڈوں پر کیا تجربہ رہا ہے؟ آپ کے خیال میں دنیا کے بہترین اور ائرپورٹ کو نسے ہیں؟
تبصرےتبصرہ کریں
سب سے پہلے تو عنبر اتنی لمبی غير حاضری کے بعد خوش آمديد اور پھر يہ کہ تھينک گاڈ کہ اس فورم پر اپنے مُلک کا کوئ تعريفی بلاگ پڑھنے کو ملا شايد وطن سے ہو کر آئ ہيں تو محبتيں تازہ ہيں ابھی۔ ہاں تو دُنيا کا خوبصورت ترين ائر پورٹ رياض سعودی عرب کا تھا اور تجربہ بہت خراب تھا گو بعد ميں بار بار آنے جانے سے تجربے کار ہوگۓ يا عادی ليکن دوبئ يا يو اے ای کے کسی ائر پورٹ پر ايسا کوئ تلخ تجربہ نہيں رہا جبکہ ہيتھرو ائر پورٹ کا تجربہ بالکُل ايسا ہی رہا جيسا آپ نے اُوپر بيان کيا ورنہ فرينکفرٹ ائرپورٹ پر بھی تجربے بہت خشگوار رہے ۔
دعاگو
شاہدہ اکرم
اونچی دکان، پھیکا پکوان
بہن عنبر خيری صاحبہ
اسلام عليکم ميں کہيں سفر پر نکلتا ميری والدہ دعا ديتيں ’جا پتر خيری جائيں تے خيری آئيں‘ جاؤ بيٹے (بسلامت روی و باز آئد) لہذا آپ جب جہاں سفر پر جائيں اور واپس لوٹيں تو کم سے کم تکليف ہو-
ميرے تجربہ ميں ھيتھرو ايک بہترين ايرپورٹ ہے ممکن ہے پاکستان سے آنے والے سامان کی سپيشل سکرينگ يا کوئی اور حفاظتی اقدام آپ کی تکليف کا سبب بنا ہو- اس دعا کے ساتھ آپ ہميشہ خيری جا ئيں اور
خييری آئيں- سامان جلد اور مکمل ملا کرے-
مخلص و دعا گو
آصف محمود
ميری لينڈ
امريکہ
واپسي مبارک ہو محترمہ عنبر خيری صاحبہ ! ميں کل ہي ، چھٹيوں کا موسم نہ ہونے کے باوجود ، آپ کي اس طويل غير حاضري کےبارے ميں سوچ رہا تھا - چليۓ، ہيتھرو چھوڑ آپ کا بقيہ سفر تو خوشگوار رہا - سننے اور ديکھنے ميں بڑا فرق ہوا کرتا ہے - دُبئی کے جس ٹرمِنل کا آپ نے ذکر کيا وہ چھوٹي اور بجٹ ائرلائنوں کے لۓ مختص ہے - يہ ٹرمِنل مرکزی ٹرمِنل جيسا عاليشان نہ سہی ليکن طويل پرواز سے اترے ايک تھکے ماندے مسافر کو فوري گھر کا رستہ دکھاتا ہے - دوسري طرف مرکزي ٹرمِنل بڑي ائرلائنوں کي آماجگاہ ہے جہاں گہري جيبوں والے مسافر اترتے ہيں - انہيں جلد باہر پہنچانے کی بجاۓ لگتا ہے جان بوجھ کر ايک لمبي سير پر بھيج ديا جاتا ہے - سياحت سےمتعلقہ دلکش نظاروں سے مزين شيشے اور فولاد کےاس جگمگاتےعجوبے سےگزر کر وہ شہرکا مطلوبہ" فرسٹ امپريشن ” لے کر ہي نکل پاتے ہيں۔ دونو پاکستانی ائرپورٹ اگر ميں غلط نہيں تو ائرپورٹ چلانے والي ايک غير ملکی کمپني کو آؤٹ سورس کۓ جا چکےہيں جو تعريف کي اصل حق دار ہے - ( اس سےحوصلہ پا کرجب ميں پاکستاني کرکٹ بھي آؤٹ سورس کردينے کي بات کرتاہوں تو برا مان ليا جاتا ہے ) ميں نے ان دونوں ہوائي اڈوں کو ہيتھرو، لاس اينجليز، شکاگو، ڈِٹرائٹ اور نيويارک کے جان ايف کينيڈي ہوائی اڈوں کے ہم پلہ بلکہ بعض سے بہتر ہي پايا ہے - جہاں تک عملے کي مستعدي اور اخلاق کا تعلق ہے ، پاکستاني پاسپورٹ پر سفر کرتے ہوۓ ميں نےہيتھرو کے اميگريشن عملے اور ڈٹرائٹ کےسياہ فام عملے کو باقي تمام امريکي ہوائي اڈوں کے عملےسے زيادہ شائستہ اور خوش اخلاق پايا ہے - سامان کي وصولي ميں ہيتھرو سميت کہيں بھي پريشاني نہيں ہوئي - تيل کي دولت سے مالا مال بعض خليجی عرب رياستوں کے ہوائی اڈے چکاچوند ميں ہيتھرو اور بعض امريکی ہوائی اڈوں کو بھي مات کرتے ہيں ليکن دبئی اور بحرين کےسوا اميگريشن پرتعينات مقامی عملے کی عدم مستعدی کو تقريبا” ہر جگہ مايوس کن پايا ہے -
محترم عنبر خيری ، آداب و خوش آمديد۔۔۔
اميد ہے آپ کا پاکستان ميں قيام خوشگوار رہا ہوگا ۔
ويسے ہيتھرو ايئرپورٹ کا تجربہ زيادہ نہيں مگر جتنا بھي ہے آپ سے مختلف نہيں، شايد مصروف ہوائی اڈے کے علاوہ شايد کوئی اور خاصيت نہيں، ميری کوشش ہوتی ہے کہ گیٹوِک ايئر پورٹ استعمال کروں کيونکہ گھر سے نزديک اور چھوٹا ہے اس لیے سب چيز آسانی سے اور جلدی ہوجاتی ہے۔
مجھے دبئ ايئر پورٹ اچھا لگتا ہے ويسے سب سے زيادہ مجھے کوالا لمپور کا ايئر پورٹ اچھا لگا۔ مصروف ہونے کے باوجود صاف ستھرا اور بہترين انتظام اور عملہ خوش اخلاق ۔۔۔ قاہرہ کا ائير پورٹ بہت عجيب لگا ۔۔
آپ کا لاہور ايئر پورٹ اور ايئر بلو کے بارے ميں صحيح فرمانا ہے ميں نے کراچی سے لاہور کا سفر کيا اور وہ پی آئ اے سے کہيں بہتر ہے ۔۔
خير انديش
سيد رضا
دبئی انٹنیشنل ائرپورٹ بہترین ائیرپورٹ ہے۔
میں ہانگ کانگ میں رہتا ہوں اور جاپان، چین، مکاؤ اور جرمنی صفر کرچکا ہوں لیکن میرا خراب ترین تجربہ لندن کے ائرپورٹ پر تھا۔ ایسا لگا جیسے پاکستان کے کسی بڑے بس سٹاپ پر پہنچ گیاہوںٰ۔ہانگ کانگ میں دنیا کا بہترین ائرپورٹ ہے ۔
میرا بھی مینچسٹر ائیرپورٹ پر ایسا ہیں تجربہ رہا اور ڈیڑھ گھنٹے تک وہی تمام مسافر خاموشی سے سامان انتظار کرتہ رہے جو کہ لاہور میں حکام پر چِلا رہے تھے۔ ہمارے لاہور اور کراچی کے ہوائی اّے بہت اچھے ہیں، ان کے کچھ مسائل ہیں لیکن میرا خیال ہے کہ ان کو اوپر سے حل کیا جا سکتا ہے۔
میں نے آج تک جہاز سے سفر کیا ہی نہیں۔
مجھے تو چکلالہ ائیرپورٹ اچھا لگتا ہے کيونکہ ميں نے کوئی اور ائیر پورٹ ديکھا ہی نہيں۔ يہ ائیر پورٹ بھی باہر سے ہی ديکھا ہے۔ جہاز قريب سے ديکھنے کو اور اس ميں لندن جانے کو بڑا دل کرتا ہے چاہے مجھے اس سے بھی زيادہ سامان کا انتظار کرنا پڑے جتنا عنبر خيری صاحبہ کو کرنا پڑا۔ قسم لے ليں جو جھوٹ بولوں تو۔ اميد ہے ميری اس تمنا کو بھی شائع کيا جائے گا۔-
محترمہ عنبر خيری صاحبہ، ايبٹ آباد کے بھائی ايوب صاحب نے جہاز تو درکنار اندر سے ائرپورٹ تک نہيں ديکھا اور لندن سفر کے متمنی ہيں خواہ سامان کي وصولي ميں آپ سے بھي زيادہ انتظار کرنا پڑے۔ ميں اس بھائي کي معصوميت سے متاثر ہوئے بغير نہيں رہ سکا۔ لندن کي بجائے اگر وہ چکلالہ سے کسي بھي پاکستاني شہر کا ہوائي سفر پسند کريں تو اس کا انتظام کرکے دلي خوشي محسوس کروں گا۔
دعا وسلام کے ساتھ
رضا