| بلاگز | اگلا بلاگ >>

'میں تو خود وکی لیکس ہوں'

خراب موسم، گھر میں مرمت کا کام اور وکی لیکس کی جانب سے رازوں کا فاش ہونا ایسے میں تفریح ہو تو کیسے؟

کتنا ٹیلویژن دیکھیں، کتاب پڑھیں یا فیس بک پر چیٹ کریں۔ باہر نکلیں تو یخ سے بنی شیشے کی سڑک پر گرنے کا نہ صرف ڈر بلکہ ڈاکٹر نے اب تاکید بھی کی ہے کہ معمولی چوٹ سے ہڈیاں ٹوٹنے کا احتمال ہے۔ اندر بیٹھنے کے لیے جگہ ہی نہیں کیونکہ بلڈر نے پورے گھر کو اُلٹ پُلٹ کر رکھا ہے مگر گھر کے اندر بیٹھنے کے سوا کوئی چارہ بھی نہیں۔

وقت کاٹنے کے لیے میں نے بلڈر سے ہی گفتگو شروع کی۔ ویسے میڈیا میں کام کرنے والوں کو اکثر سوال پوچھنے کی بڑی بیماری ہوتی ہے۔

میرا بلڈر افغانی ہے جو پینتیس برسوں میں پہلے کے بیس برس خیبر پختونخواہ میں گُزار چکا ہے۔ گزشتہ پانچ برسوں سے لندن میں رہتا ہے اور دن رات مزدوری کر کے تمام کمائی گھر بھیجتا ہے۔ ایک گھر پاکستان میں اور دوسرا افغانستان میں بنایا ہے۔ عوامی نیشنل پارٹی کا کٹر حامی، افغان طالبان اور پاکستان حکومت کا کٹر مخالف اور مذہبی رواداری کا پاسدار ہے۔ پاکستان یا افغانستان میں ہر مسئلے کا باعث پاکستان کو سمجھتا ہے اور دنیا میں دہشت گردی کی جڑ پاکستان کو گردانتا ہے گو کہ خیبر پختونخواہ کی سیاست میں کافی سرگرم رہا ہے۔

میں نے پوچھا کہ بلوچستان میں بعض بلوچوں کی جو مہم چل رہی ہے اُس کے پیچھے کوئی اور ملک ہے؟

'آئی ایس آئی والی بات نہ کرو باجی، کوئی مہم وہم نہیں ہے۔ بلوچستان میں، ایجنسی والے جس کو چاہے دہشت گرد بناتے ہیں، میں جانتا ہوں چند لیڈروں کو، وہ توخاندانی لڑائی زیادہ ہے۔ بگٹی مری لاشاریوں کی آپس کی جنگ ہے جس کا فائدہ ہمیشہ کی طرح ایجنسی اُٹھاتی ہے۔ ان کی روزی روٹی جنگ کی بدولت ہی چلتی ہے۔ کشمیر جنگ، افغان جنگ، ایم کیو ایم جنگ، اب بلوچ جنگ۔ ایسی لڑائی ہم نے پختونخواہ میں بھی دیکھی ہے'۔ افغانی بِلڈر نے جواب دیا۔

میں نے پوچھا کہ وکی لیکس کے بارے میں پتہ ہے کہ پاکستان کے بارے میں کیا کہا گیا ہے؟ اُس نے میری پوری باتمیں نے پوچھا کہ وکی لیکس کے بارے میں پتہ ہے کہ پاکستان کے بارے میں کیا کہا گیا ہے؟ اُس نے میری پوری بات سُنے بغیر ہی فوراً کہہ دیا 'کمال ہے باجی آپ امریکہ کی بات پر یقین کرتی ہو جو سب سے بڑا جھوٹا ہے، امریکہ کو افغانستان یا پاکستان کے بارے میں کیا معلوم؟ چند سال وہاں فوجیں بٹھا کر کیا وہ ہمیں اب ہماری سات صدیوں کی تاریخ بتائے گا؟ یہ کونسی بڑی بات ہے کہ سعودیوں کو زرداری اچھا نہیں لگتا، تو کیا ہمیں اچھا لگتا ہے؟ نواز شریف کے بارے میں کس کو نہیں معلوم کہ وہ پنجابی طالبان کی حمایت کر رہا ہے۔ خیبر والے چیخ چیخ کر کہہ رہے ہیں۔ ان کی بات کیا سنائی نہیں دیتی؟ باجی اگر میں آپ کو یہ بتاؤں کہ طالبان کوئی نہیں بلکہ خود افغانستان اور پاکستان کے سپاہی ہیں تو کیا آپ میری بات کا یقین کروگی؟ مگر یہی بات وکی لیکس بتائے گا تو پوری دنیا میں ہاہاکار مچ جائے گی، باجی میں زندہ جاگتا وکی لیکس ہوں اور میرے پاس ایسے راز ہیں جو خود حکومتوں کے پاس نہیں ہیں'۔
وہ اردو پشتو میں کافی کچھ کہنے جا رہا تھا اور میں اس کو صلاح دینے ہی والی تھی کہ بلڈر کے بجائے ویب سائٹ کیوں نہیں شروع کرتے۔ مگر میں کہتے کہتے رک گئی۔

تبصرےتبصرہ کریں

  • 1. 16:59 2010-12-02 ,Riffat Mehmood :

    دراصل يہ امريکہ اور اسکے اتحاديوں کا تحفہ ہے جس کی ہم قيمت ادا کر رہے ہيں پاکستان کےجنگجو جب بلا ضمانتيں حاصل کيے بلا اپنی سالميت کا تحفظ کيے دوسروں کے مقاصد کی تکميل ميں لگ جاتے ہيں تو پھر بيرونی مداخلت ترقی کی آڑ ميں آپ کے سيدھے چلتے ہوئے پہيے کو بھی ٹريک سے اتار کر آپ کو عملا” غلامی کا سنہرا طوق گلے ميں ڈال ديتے ہيں- لياقت علی خان اس پٹے کو گلے ميں ڈالنے پر راضي نہ ہوئے تو غلام محمد نے چوم کر پہن ليا- اور يہ پٹہ روائتی انداز سے کئ گلوں سے ہوتا ہوا زرداری سے گيلانی کے گلے ميں آ گيا ہے-
    اسکا مالک جب چاہتا ہے کھيچ ليتا ہے جب چاہتا ہے کسی کے پيچھے لگا ديتا ہے- ليکن ہڈی بڑی شاندار ديتا ہے جس ميں گوشت خوب ہوتا ہے تو پٹہ کيوں گلے سے اتارے- قوم تو چيختی ہی رہتی ہے اس کی پروا کون کرتا ہے-
    يہ جہادی کس نے بنائے کس کے لئے انہوں نے جنگ کی کس نے يو ايس ايس آر کو زخم چاٹتے ہوئے بھاگنے پر مجبور کيا پھر انعام ميں سی ون تھرٹی کا ملبہ- تحقيقات بھی نہ ہونے دی گئيں- ايک حاضر سروس جنرل اپنے رفقاء کے ساتھ ختم کرديا گيا اور اس کے ملک ميں اس کی کردار کشي- دوسری طرف اپنی انٹيليجينس کے خلاف کارواياں کس بات کا عنديہ ديتا ہے- ملک ميں جب ماورائے آئنی اقدامات کيے جائيں گے اور جنہيں بيرونی اشارے پر کام کرنے ہوں تو پھر قانوں عدليہ اور سول ايڈمنسٹريشن سب بے اختيار اور انصاف ناپيد لوگ قانون ہاتھ ميں لے کر گروہی سياست کے فروغ ميں مشغول ہو جاتے ہيں- يہ ملک ميں سول وار کی طرف ايک قدم ہوتا ہے- حکومتی رٹ کمزور کر دی جاتی ہے- بلوچستان اس کی حاليہ مثال ہے-

    کراچی ميں ٹارگٹ کلنگ خود کش دھماکے بم دھماکے سيکيورٹی ايجنسيوں پر حملے کچھ اور ہی خبريں دے رہے ہيں مہنگائی اور بيروزگاری کا بڑھتا ہوا گراف عام آدمی کو اشتعال دلانے کا باعث ہے اسکی تيارياں کی جا رہی ہيں-
    اصل قوتوں کا نام لينےسے گريزاں ہمارے ادارے لرزاں ہيں- مداخلت کا دروازہ بند کرنے کا حوصلہ نہيں دوستی کی آڑ ميں ہمارے ہاں الميے جنم لے رہے ہيں ہم کيوں بے نقاب کرنے سے گريزاں ہيں-

  • 2. 22:03 2010-12-02 ,محمد سلطان :

    میں بھی وکی لیکس ہوں اور آپ کو بتاتا ہوں کہ احمدی سچے مسلمان ہیں۔

  • 3. 0:14 2010-12-03 ,علی گل،سڈنی :

    پاکستانی يا افغانی لوگوں نے اپنی زندگی ميں اتنے سياسی و فوجی نشيب و فراز ،لڑائياں اوردہشتگردی ديکھی ہے شايد دنيا ميں ايسی مثاليں نہ ہوں اور جب کوئی کشمکش سے گزرتا ہے تو آدھا نفسيات دان يا ماہر وکی ليکس بن جاتا ہے تو آپ کا پٹھان ملازم يقينا” سمجھ بوجھ سے بات کررہا ہے۔يہاں اصل مسءلہ سرداروں جاگيرداروں يا سرمايہ داروں اور فوجيوں کی اجارہ دری تک نہيں بلکہ آپ اپنے اردگرد کے بہت سے عام لوگوں کو بھی ديکھيں تو ان کے ذہن انہی امراء يا مولويوں سے ملتے ہيں يعنی عالم اور جاہل ميں امتياز برتنا اور عورت کے رشتے کو بحثيت عزت و بے عزتی گرداننا نيز امير وغريب کے فرق کو دوام بخشنا وغيرہ۔انہی لوگوں کی بدولت کچھ شريف سياستدانوں يا پنجابی طالبان کا کاروبار چمکتا ہے اور ايسے لوگوں کے ذہنوں کو گمراہ کرکے ايجنسيوں نے پيپلز پارٹی کا اميج خراب کيا جو کہ واحد عوامی پارٹی تھی جس ميں لوگ بلا تفريق کسی بھی نظريہ کے برعکس اکٹھے رہ سکتے بالکل اسی طرح جس طرح لندن يا ديگر ترقی يافتہ ملکوں ميں امن سے رہ رہے ہيں۔اب پاکستان ميں نظم و ضبط ميں جو خلا پيدا ہوا ہے ايسے خلا کسی بڑے انقلاب کے بعد ہی پر ہوتے ہيں۔کيا وکی ليکس کی طرح کوئی ايسی سائٹ بھی ہے جو اس کا حل جانتی ہے؟

  • 4. 8:21 2010-12-03 ,Jan agha Kandahar :

    جہاں تک ہم عوامی نشینل کےحامیوں اورکارکنوں کوجانتےہیں، میرےخیال میں کم لوگ ان سےآگاہی رکھتےہو،شعراورفلسفہ تووہ باچاخان کےاچھال رہے ہیں،لیکن یہ درحقیقت کرسی کےلیے سب کچھ لوٹادیتےہیں،کیونکہ انھیں کرسی اور منصب کابہت شوق ہے،حتی وہ منصبداری کی خاطرسب کچھ کرنےکوتیارہےاوریہ کہ وہ جوپشتون ولی کانعرہ لگاتےہیں،وہ سب جھوٹ فریب اورسادہ لولوگوں پھنسانےکی خاطرکررہےہیں،خلاصہ نیشنلسٹ سابق دورمیں روسی ایجنٹ تھےاوراب مغربی ایجنٹ بن چکےہیں،مجھےتوان سےکی سی قسم کی خیرکی توقع نہیں،یعنی وہ طالبان کےبارےمیں بےانتہاجھوٹ بول رہےکہ یہ پاک اورافغان کےسپاہی ہے،میں اسےموافق نہیں۔

̳ iD

̳ navigation

̳ © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔